بدھ,  05 فروری 2025ء
پرنس رحیم آغا خان اسماعیلی کمیونٹی کے 50 ویں امام مقرر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام مقررکردیا گیا۔ پرنس کریم آغا خان نے اپنی وصیت میں پرنس رحیم آغا خان کو اسماعیلی کمیونٹی کا 50 واں امام نامزد کیا تھا۔

امریکی اخبار گارجین کے مطابق آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام نامزد کیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت 49 ویں امام پرنس کریم آغا خان کی وفات کے بعد سامنے آئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پرنس رحیم الحسینی آغا خان پنجم کو آج شیعہ اسماعیلی مسلمانوں کا 50 واں امام (روحانی پیشوا) مقرر کیا گیا ہے، ان کے مرحوم والد پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی وصیت کے مطابق انہیں امام نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پرنس کریم آغا خان کا پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال ہوگیا ہے، ان کی عمر 88 برس تھی۔ مولانا شاہ کریم الحسینی (پرنس کریم آغا خان) اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں امام تھے۔

پرنس کریم آغا خان کی نمازہ جنازہ لزبن میں ادا کی جائے گی، ان کے انتقال پردنیا بھر میں جماعت خانوں میں خصوصی دعائیں جاری ہیں۔

وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب پرنس کریم آغا خان کی آخری رسومات میں حکومت کی نمائندگی کریں گے۔

مزید پڑھیں: اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان انتقال کرگئے

آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے ذریعے انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں خصوصاً ایشیا اور افریقا میں فلاحی اقدامات کیے۔ یہ اقدامات زیادہ تر تعلیم، صحت، معیشت اور ثقافت کے شعبوں میں تھے۔

پرنس کریم آغا خان کو مختلف ممالک اوریونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات اور اعزازی ڈگریوں سے نوازا گیا تھا۔ پاکستان کی ترقی کےلیے مثالی خدمات انجام دینے پرپرنس کریم آغا خان کو نشان پاکستان اور نشان امتیاز سے نوازا گیا تھا۔

مزید خبریں