راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دوست نما دشمن کچھ بھی کر لیں، انہیں شکست ہو گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے بھی شرکت کی۔
آرمی چیف، گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہیدوں کی نماز جنازہ ادا کی اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال کوئٹہ میں زخمی فوجیوں کی عیادت کی۔
جنرل عاصم منیر نے دوست نما دشمن عناصر کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار بن کر دہشت گردی کو ہوا دینے والے دوغلے عناصر سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “شکار کے لیے شکاری کے ساتھ اور بچاؤ کے لیے شکار کے ساتھ” چلنے والے ہمارے لیے کوئی اجنبی نہیں۔ دوست نما دشمن کچھ بھی کر لیں، انہیں عظیم قوم اور مسلح افواج کی استقامت کے ہاتھوں شکست ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:قلات میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 18 جوان شہید ، 23 دہشتگرد ہلاک
آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم ہر قیمت پر جواب دیں گے۔ اور جہاں بھی ضرورت پڑی دشمنوں کا پیچھا کر کے انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری و سیاسی قیادت نے مادر وطن کے ہر قیمت پر دفاع کے لیے سپاہیوں کے غیر متزلزل عزم اور جذبے کو سراہا۔