اسلام آباد (کرائم رپورٹر) – بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور ان کے اہل خانہ کو بھتہ کی ڈیمانڈ اور جان سے مارنے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، وائس چیف ایگزیکٹو بحریہ ٹاؤن کرنل (ر) خلیل الرحمان نے تھانہ آبپارہ میں رپورٹ درج کروائی کہ انہیں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی۔ ای میل میں ملک ریاض سے 50 بٹ کوائنز (تقریباً 1.42 ارب پاکستانی روپے) کا مطالبہ کیا گیا تھا اور رقم نہ دینے کی صورت میں انہیں اور ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی تھی۔
کرنل (ر) خلیل الرحمان کے مطابق، 27 جنوری 2025 کو ایک نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر مکان نمبر 3، گلی نمبر 89، سیکٹر G-6/3 اسلام آباد کے باہر آیا۔ مشتبہ شخص نے گھر کی ریکی کی اور تصاویر بنائیں، جس سے سیکیورٹی خدشات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر مشکوک شخص کو دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے واقعے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 117/25 بجرم 25-D ٹیلی گراف ایکٹ اور 506 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کر لیا۔ مقدمے کی تفتیش SI فضل خالق کے سپرد کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس نے معاملے کی مزید چھان بین شروع کر دی ہے۔
مزید پڑھیں: 190ملین پاؤنڈ کیس ،ملک ریاض،علی ریاض ،شہزاد اکبر اور فرح خان کے پاسپورٹ بلاک
ای میل کا IP ایڈریس 185.70.40.137 سویٹزرلینڈ کا دکھا رہا ہے، لیکن ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ دھمکی ممکنہ طور پر پاکستان سے ہی دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے بھیجے گئے ان دھمکی آمیز پیغامات کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ اصل مجرموں تک پہنچا جا سکے۔ واقعے کے بعد بحریہ ٹاؤن کے اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی ٹیمیں مزید محتاط ہو گئی ہیں۔ کرنل (ر) خلیل الرحمان نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ ملک ریاض اور ان کے اہل خانہ کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔