جمعرات,  30 جنوری 2025ء
190ملین پاؤنڈ کیس ،ملک ریاض،علی ریاض ،شہزاد اکبر اور فرح خان کے پاسپورٹ بلاک

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) 190ملین پاؤنڈ کیس میں ملک ریاض ،علی ریاض،شہزاد اکبر اور فرح خان کے پاسپورٹ بلاک کردئیے گئے ہیں۔

وزارت داخلہ کے حکام نے چاروں افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی تصدیق کردی ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے نیب کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چاروں افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے ہیں۔

نیب نے 28 جنوری کو ملزمان کے پاسپورٹ منسوخ کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا،دوسری جانب نیب کا کہنا ہے کہ بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض اور دیگر افراد کیخلاف دھوکہ دہی و فراڈ کے کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں۔

ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی، تخت پڑی راولپنڈی اور نیو مری میں سرکاری اور نجی اراضی پر قبضہ کیا گیا جس کے مضبوط شواہد ہیں،بغیراجازت نامے ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کرتے ہوئے لوگوں سے اربوں روپے کا فراڈ کیا گیا۔

پشاور اور جامشورو کی زمینوں پر ناجائز قبضے اور بغیر این او سی ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی گئیں،دھوکہ دہی سے لوگوں سے بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: صحت سہولیات سے متعلق اسلام آباد کو پورے ملک کیلئے ماڈل بنایا جائے : وزیراعظم

این سی اے کے مقدمے میں مرکزی ملزم عدالتی مفرور، عدالت اور نیب دونوں کو مطلوب ہے،نیب بے شمار اثاثے پہلے ہی ضبط کرچکا ہے، مزید اثاثے ضبط کرنے کیلئے قانونی کارروئی کرنے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں