منگل,  21 جنوری 2025ء
الیکشن کمیشن کیسے ٹریبونل کے جج کو تبدیل کر سکتا ہے؟ عدالت نے سوال اٹھا دیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال اٹھایا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کیسے ٹریبونل کے جج کو تبدیل کر سکتا ہے؟

ہائیکورٹ میں اسلام آباد کے تین حلقوں کا الیکشن ٹریبیونل تبدیل کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، ایڈووکیٹ فیصل چوہدری اور شعیب شاہین اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ جج کے نئے ٹریبیونل کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکنے کے حکم میں 6 فروری تک توسیع کردی۔

عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیسے ٹریبونل کے جج کو تبدیل کر سکتا ہے؟

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کیسے ٹریبونل کے جج کو تبدیل کر سکتا ہے اس کا جواب ہم دیں گے، الیکشن کمیشن و دیگر فریقین نے جواب جمع کروانے کے لیے وقت مانگ لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن و دیگر فریقین کو جواب جمع کروانے کے لئے وقت دے دیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آج آپ کی دو درخواستوں پر سماعت مقرر تھی تیسری کل مقرر ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ،26ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستیں 27 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر

شعیب شاہین نے کہا کہ ہم نے کچھ وائریز ( قانون کی کچھ شقوں) کو بھی چیلنج کر رکھا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ کل والی درخواست اور وائریز کو بھی انہی درخواستوں کے ساتھ 6 فروری کو سن لین گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے نئے الیکشن ٹریبونل کو کارروائی سے روکنے کے حکم میں 6 فروری تک توسیع کردی، پی ٹی آئی امیدواروں کی درخواستوں پر سماعت 6 فروری تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں