اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس میں تحریک انصاف نے آج بھی جواب جمع نہیں کرایا۔ بیرسٹ گوہر کا کہنا ہے کہ امید ہے اگلی سماعت پر الیکشن کمیشن سرٹیفیکیٹ جاری کردے گا۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر کہا کہ بیرسٹر صاحب یہ کیس 30 اپریل 2024 سے چل رہا ہے، تاحال پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہیں کروایا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ نے پانچ درخواستوں اور نوٹس پر جواب جمع کروانا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نوٹس کا جواب ہم دے چکے ہیں، درخواست گزاروں کی گزارشات کا جواب آئندہ سماعت پر جمع کروا دیں گے، آئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کروا دیں گے۔
اس دوران اکبر ایس بابر نے کہا کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس فریز کیے جائیں۔
اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی۔
امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا، بیرسٹر گوہر
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ابھی تک الیکشن کمیشن کی طرف ہمیں سرٹیفکیٹ نہیں ملا، ہم نے الیکشن کمیشن کے آئینی وقانونی سوالوں کا جواب دے دیا تھا، امید ہے اگلی سماعت پر پی ٹی آئی کو سرٹیفکیٹ مل جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے آئین وقانون کےمطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے، بانی پی ٹی آئی ہماری پارٹی کا نشان ہیں۔
پی ٹی آئی میں اس وقت گھس بیٹھیوں اور ایلنز کا راج ہے، اکبر ایس بابر
اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان لوگوں کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک ارب روپے سے زائد کی رقم پی ٹی آئی کیسز کے لیے وکیلوں میں بندر بانٹ کی گئی۔
مزید پڑھیں: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اصل مجرم ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی اکاؤنٹس کو فوری طور پر منجمد کیا جائے، پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، پی ٹی آئی میں اس وقت گھس بیٹھیوں اور ایلنز کا راج ہے، 190 ملین پاؤنڈ کیس نے پی ٹی آئی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، پارٹی پر مفاد پرست ٹولہ قابض ہوچکا ہے۔