اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کل ساڑھے 11 بجے سنایا جائے گا۔
احتساب عدالت کے عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکلا کو آگاہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 13 جنوری کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنانا تھا تاہم ملزمان کی عدم حاضری پر عدالت نے فیصلہ موخر کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کا کہنا تھا کہ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ملزمان کا انتظار کر رہا ہوں ابھی تک نہیں آئے، بشری بی بی اور ان کے وکلاء میں سے کوئی بھی پیش نہ ہوسکا۔
جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میرے عملے نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کو بتا دیا تھا ، بانی پی ٹی آئی کو دو دفعہ پیغام پہنچایا گیا وہ بھی نہیں آئے۔ فیصلہ سنانے کے لیے ملزمان کو ایک اور موقع دے رہا ہوں، اب کیس کا فیصلہ 17 جنوری کو سنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: عمران خان سیاسی قیدی ہیں ، رہائی ملنی چاہئے ، بیرسٹر گوہر
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر احتساب عدالت نے فیصلہ 18 دسمبر 2024 کو محفوظ کیا تھا،احتساب عدالت نے فیصلہ سنانے کیلئے پہلے 23 دسمبر اور اس کے بعد 6 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی پھر تیسری 13 جنوری کی تاریخ دی لیکن تیسری بار بھی فیصلہ نہ سنایا جا سکا۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا اور نیب نے ٹرائل کے دوران 35 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے گواہان پر جرح کی۔
سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے بھی190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بیان ریکارڈ کروایا تھا۔