راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 خوارج ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عامر سہیل آفریدی نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارجیوں نے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جسے سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔
ضلع خیبر میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 خوارج مارے گئے۔ جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عامر سہیل آفریدی نے جام شہادت نوش کیا۔
23 سالہ سپاہی عامر سہیل شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہی ہے۔ انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہم فوج سے اور فوج ہم سے ہے، پیر پگارا
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان مسلسل افغان حکومت سے بارڈر پر مؤثر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے کہہ رہا ہے۔ اور توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت خوارج کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال ہونے نہ دے۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔