اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے مین کانفرنس ہال کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو تھے۔ اس ہال کی تزئین و آرائش میں ترک ادارہ برائے تعاون و باہمی روابط (ٹیکا) نے نیشنل پریس کلب کے ساتھ خصوصی تعاون کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت پاکستان کے معروف قاری سید صداقت علی نے حاصل کی۔ اس کے بعد تقریب کی نظامت کے فرائض نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیئر علی نے انجام دیے۔
ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے نیشنل پریس کلب کے مین ہال کی تزئین و آرائش کی تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکا پاکستانی بھائیوں کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اور ٹیکا کے اشتراک سے مین کانفرنس ہال کی تزئین و آرائش عالمی معیار کی ہے اور دونوں ادارے اس کامیاب تعاون پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ہمیشہ دکھ سکھ میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
ٹیکا کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈورسن علی یاساگانے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی بے مثال ہے اور انہوں نے نیشنل پریس کلب کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ نے مین کانفرنس ہال کی تزئین و آرائش میں تعاون کرنے پر ٹیکا کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کی موجودہ باڈی اور بالخصوص سینئر نائب صدر احتشام الحق کی تعریف کی، جنہوں نے اس کامیاب منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا۔
نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی نے ٹیکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ اپنے ممبران کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں اور مین کانفرنس ہال کی تزئین و آرائش اس کا عملی نمونہ ہے۔سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے کہا کہ آج جڑواں شہروں کے صحافیوں کے لیے ایک تاریخی موقع ہے کیونکہ ٹیکا کے تعاون سے عالمی معیار کا کانفرنس ہال مکمل ہوا ہے، جس کے لیے ہم ٹیکا کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
تقریب میں سینئر نائب صدر احتشام الحق نے ترکی کے سفیر اور ٹیکا کے سربراہ محسن بے کا شکریہ ادا کیا اور ان کی پاکستان میں تین سالہ مدت کے دوران کی جانے والی اہم خدمات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ محسن بے کی محنت کی بدولت پاکستان میں ٹیکا کے منصوبے کامیابی سے مکمل ہوئے ہیں، جن میں 70 سے زائد منصوبے شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور فنانس سیکرٹری وقار عباسی نے معزز مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔ بعد ازاں، معزز مہمانوں نے نیشنل پریس کلب کے لان میں پودے بھی لگائے۔