وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت اور تقسیم کا شکار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اثاثے کو جھوٹے اور فریبیوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونےدیں گے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کے لیے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ اور پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت اور تقسیم کا شکار کیا۔ ہمارے جوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے بجائے نوجوانوں کو حکومت کے خلاف جنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔ اور نوجوانوں کو پرتشدد کارروائیوں کی جانب راغب کرنے کی کوشش کی گئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو نفرت اور شرپسندی کی طرف راغب کیا۔ تاہم نوجوان نسل ملک دشمن عناصر کے عزائم سے آگاہ ہوچکی ہے۔کھیلوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اور کھلاڑیوں کو سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔ ماضی میں کھیل کے شعبے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پرفارمنس اکیڈمی میں آپ کو تمام سہولیات ملیں گی۔ آپ یہاں ٹریننگ کریں اور دنیا میں پورے ملک کا نام روشن کریں۔ پچھلی حکومت نے ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کو ختم کیا تھا۔ لیکن اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کو دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے مختلف محکموں میں کوٹہ مختص کریں گے۔ اور نقد انعامات بڑھا کر 5 سے 10 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ محکموں کے درمیان دوبارہ کھیلوں کے مقابلے شروع کیے جائیں گے۔ اور نوجوانوں کی ترقی کے لیے متعدد پروگرامز جاری کیے ہیں۔