اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور سیکرٹری فیڈرل ایجوکیشن محی الدین وانی نے اسلام آباد ماڈل فار گرلز سکول بھیکھا سیداں میں نئی بلڈنگ، کمپیوٹر لیب، اور لائبریری کا افتتاح کیا۔ نئے تعمیر ہونے والے بلاک میں دو جدید کمرے، کمپیوٹر لیب، اور لائبریری شامل ہیں، جبکہ سکول کی تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی محترمہ زیب جعفر، پارلیمانی سیکرٹری، ڈائریکٹر جنید اخلاق، پروجیکٹ ڈائریکٹر ہارون داس، پرنسپل اور دیگر سرکاری افسران و معززین علاقہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی کی غیرمعمولی کوششوں کی بدولت ملک کے تعلیمی شعبے میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “معیاری تعلیم مہیا کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور یہ منصوبہ خاص طور پر بچیوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔”
انجم عقیل خان نے مزید کہا کہ بھیکھا سیداں گرلز سکول میں جدید کمپیوٹر لیب اور لائبریری کا قیام طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم سے ہم آہنگ کرے گا، اور سکول کے اساتذہ و طلبہ کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مقامی افراد سے درخواست کی کہ وہ اپنے سکولوں میں اساتذہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس افتتاحی تقریب کا مقصد تعلیمی سہولتوں کو بہتر بنانا اور طلبہ کے لیے جدید تدابیر کے ذریعے تعلیمی معیار کو بلند کرنا تھا، جس پر مزید منصوبوں پر کام جاری ہے۔