جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد پشتونوں کی پروفائلنگ پر عوامی نیشنل پارٹی کی مذمت

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے حالیہ احتجاج کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے پشتونوں کی پروفائلنگ کی جا رہی ہے، جو کہ غیر مناسب ہے۔ انہوں نے وفاق اور پنجاب کی جانب سے خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ اس سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ احتجاج کرنے والوں کو لے کر آئے ہیں، انہیں کیوں نہیں پکڑا جا رہا؟ انہوں نے مزید کہا کہ سارے پختون پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگ نہیں ہیں، اور پشتونوں کو افغانستان سے جوڑنا ایک غلط عمل ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سینیٹر ہدایت اللہ اور ثمر ہارون بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجینئر احسان اللہ خان نے کہا کہ 24 سے 26 نومبر کے دوران جو لوگ جانوں سے گئے، چاہے وہ پی ٹی آئی کے کارکن تھے یا پولیس اہلکار، ہم ان کے لئے تعزیت پیش کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے حکومت کے رویے پر تنقید کی اور کہا کہ وفاقی حکومت پشتونوں کی پروفائلنگ کر رہی ہے، جو کہ درست نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ پاکستان میں امن اور سکون چاہتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ انجینئر احسان اللہ خان نے واضح کیا کہ ہر پختون کا تعلق کسی نہ کسی سیاسی پارٹی سے ہو سکتا ہے، اور تمام پشتونوں کو ایک ہی پارٹی سے جوڑنا غلط ہے۔

ثمر ہارون بلور نے بھی اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا، انہیں رسیوں سے باندھ کر اور منہ پر کالا کپڑا ڈال کر عدالت پیش کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا خیبرپختونخوا کے لوگ امن خراب کرنا چاہتے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد میں امن و امان کو کنٹرول کرنا ہے تو پی ٹی آئی کو کنٹرول کیا جائے کیونکہ پی ٹی آئی صرف سوشل میڈیا کی جماعت بن چکی ہے۔

سینیٹر ہدایت اللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگ روزگار کی تلاش میں اسلام آباد میں مقیم ہیں، اور ان میں سے زیادہ تر محنت کش ہیں جو افغانستان سے تعلق نہیں رکھتے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان محنت کشوں کو ہراساں کرنا بند کیا جائے اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی اصل وجوہات کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور یہ کہ کیا وہاں کے تمام لوگ دہشت گرد ہیں؟ سینیٹر ہدایت اللہ خان نے کہا کہ ان افراد کی رہائی کے لیے ان کے وکلا کام کر رہے ہیں، اور پولیس کی جانب سے گرفتار افراد کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی نے اس رویے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ ہم پختونوں کی پروفائلنگ کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

مزید خبریں