اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں میں قانون پامال کرنے والوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کو سزائیں دی جائیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 24 نومبر کے دھرنے میں فسادات کی تحقیقات کے لیے قائم ٹاسک فورس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی پر پیشرفت کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کے دورے کے وقت وفاقی دارالحکومت پر لشکر کشی شدید شرمندگی کا باعث بنی، عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق عالمی معیار کی انسدادِ فسادات فورس بنائی جائے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سیف سٹی میں فرانزک لیب شامل کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا، فرانزک لیب کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی مزید 6 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی
اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موقع واردات سے اسلحہ، کارتوس کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں، تمام شواہد فرانزک کے لیے بھیجے جائیں گے۔