بدھ,  04 دسمبر 2024ء
اُسوہ کالج میں چودہویں سالانہ یومِ والدین کی پروقار تقریب، طلباء کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

 

اُسوہ کالج اسلام آباد میں چودہویں سالانہ یومِ والدین 2024ء کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی تھے، جبکہ جابر بن حیان ٹرسٹ کے سرپرست علامہ شیخ انور علی نجفی، ڈی جی اُسوہ اسکول سسٹم پروفیسر نذیر حسین، والدین، سابق طلباء اور دیگر معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ پرنسپل اُسوہ کالج بریگیڈیئر غلام علی نے کالج کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں طلباء نے شاندار پریڈ، مارچ پاسٹ، گارڈ آف آنر اور پی ٹی شو کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر جدید ربوٹک لیب کا افتتاح بھی کیا گیا اور طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے سائنس اینڈ آرٹس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماڈلز، علاقائی ثقافتی لباس، روایتی کھانے، ڈرائنگ اور پینٹنگز پیش کی گئیں۔

تقریب کے دوران کیلنڈر ائیر کے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں مہمانِ خصوصی نے انعامات تقسیم کیے۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُسوہ کالج کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہا اور جابر بن حیان ٹرسٹ کے سربراہ، کالج انتظامیہ، اساتذہ کرام اور طلباء کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل نے والدین اور تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس پروقار تقریب کے کامیاب انعقاد میں اساتذہ اور منتظمین کی محنت کو سراہا۔ یہ تقریب طلباء، والدین اور مہمانوں کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوئی۔

مزید خبریں