جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
گولڑہ شریف بوائز سکول میں نئے بلاک کا افتتاح، جدید سہولیات کا اضافہ

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)گولڑہ شریف بوائز سکول میں نئے تعمیر شدہ بلاک کا افتتاح کر دیا گیا۔ اس نئے بلاک میں دو اضافی کمرے اور ایک جدید کمپیوٹر لیب قائم کی گئی ہے، جو طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجم عقیل خان اور فیڈرل سیکرٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کی تزئین و آرائش کے بعد اس کی خوبصورتی اور معیار میں اضافے کو بھی سراہا گیا۔ سکول کو اب باقی سیکٹرز کی طرح تمام جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے فیڈرل ایجوکیشن فرح ناز اکبر، شماخ حسن خان، چیف آرگنائزر عظیم خان گولڑہ، پرنسپل تاج علی خان اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجم عقیل خان اور محی الدین وانی نے کہا کہ فیڈرل سیکرٹری ایجوکیشن اسلام آباد سمیت پورے پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے محنت کر رہے ہیں۔ گزشتہ 8 ماہ میں تعلیم کے شعبے میں کئی اہم منصوبے مکمل کیے گئے ہیں، جن میں جدید کمپیوٹر لیبز، نئے بلاکس، آئی ٹی پارک، سولر پروگرام، اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس فار پرائمری ایجوکیشن کے منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) تعلیم کے فروغ اور لٹریسی ریٹ بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد میاں نواز شریف کے ویژن کے تحت پاکستان کے تعلیمی نظام میں انقلاب برپا کیا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف گولڑہ شریف کے طلبہ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے بلکہ حکومت کی تعلیمی ترقی کی کوششوں کی ایک اور مثال بھی پیش کرتا ہے۔

مزید خبریں