اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کو غلط قرار دے دیا گیا۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں ہی ہیں اور ان کی صحت بالکل ٹھیک ہے، ان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان معمول کے مطابق اپنے سیل میں موجود ہیں، ان کے سیل کو تھانہ نیو ٹاؤن کا حصہ قرار دیا گیا ہے، وہ 2 دسمبر تک تھانہ نیو ٹاؤن پولیس کی تحویل میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کی 28 ستمبر کے احتجاج کے مقدمے میں پولیس نے گرفتاری ڈالی ہے، ڈاکٹر روزانہ ان کا طبی معائنہ کرتے ہیں، ان کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول نارمل ہے، وہ روزانہ 2 بار ورزش کرتے ہیں اور جیل مینؤل کے مطابق انہیں تمام سہولیات دستیاب ہیں۔
مزید پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس ، عمران خان اور دیگر ملزمان پر فرد جرم چوتھی بار موخر
ذرائع نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور کھانے کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور سکیورٹی کیلئے عملہ ہر وقت تعینات رہتا ہے۔