جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
دورہ جنوبی افریقاکیلئےقومی کرکٹ ٹیم کے کون کونسے اہم کھلاڑیوں کی واپسی؟

قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا کے لیے اسکواڈز پر مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔

زمبابوے کے خلاف سیریز کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے جنوبی افریقا روانہ ہوگی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقا کے حوالے سے سلیکٹرز نے کپتان اور ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے، قومی ٹیم کے انتخاب پر مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد ون ڈے اور ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ون ڈے سیریز کے لیے مضبوط اسکواڈ ہوگا جس میں سابق کپتان بابراعظم سمیت فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی واپسی ہوگی۔ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کو سامنے رکھتے ہو ئے فخر زمان کی ٹیم کو ضرورت قرار دیا گیا ہے لہٰذا وائٹ بال ٹیم میں فخر کی واپسی کا قوی امکان ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ بال ٹیم کے لیے امام الحق کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سینئر بیٹر اور بولر ز کو آرام دیا جا سکتا ہے لہٰذا نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے اختتام یا پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد اسکواڈز کا اعلان متوقع ہے جب کہ ٹیسٹ کھلاڑیوں کا کیمپ جنوبی افریقا میں لگانے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔

مزید خبریں