اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد موٹر وے کھول دی گئی ہے۔ چار دن سے بند تمام موٹر ویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور لاہور کے روڈ بھی ٹریفک کے لئے بحال کر دیے گئے ہیں، جہاں کنٹینرز موجود ہیں انہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا،موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان، موٹروے ایم3 کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ ایم ون اسلام آباد سے پشاور بھی کھول دی گئی ہے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے، ایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور رنگ روڈ ٹریفک کیلئے کھلی ہے اور شہرکے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، دوسری جانب اسلام آباد میں ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں جہاں جہاں کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے تھے، ان رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی ہے، اسلام آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں جہاں جہاں ابھی کنٹینرز موجود ہیں انہیں بھی ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: موٹروے پر گاڑی سے 4 لاشیں ملنے کا واقعہ، فارنزک رپورٹ میں حیران کن وجہ سامنےآگئی
اسلام آباد میں موبائل فون پرڈیٹا بھی بحال ہو گیا ہے، اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے کل بروز جمعرات سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔