اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے کل وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے حوالے سے بڑے اور فیصلہ کن اقدامات کا اعلان متوقع ہے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کی احتجاجی کال کے دوران شہید ہونے والے رینجرز کے جوانوں کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی اور پولیس و رینجرز کے شہیدوں اور زخمیوں کے لیے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان وزیرِاعظم کریں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والا یہ اجلاس کل شام وزیرِاعظم ہاؤس میں ہوگا، جس میں وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ وزیرِداخلہ کابینہ ممبران کو اسلام آباد میں سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں پشاور سے آنے والے احتجاجی مظاہرین کی جانب سے گھیراؤ اور جلاؤ کے ذریعے ہونے والے قومی نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق احتجاجی مظاہروں کے دوران قومی معیشت کو پہنچنے والے بھاری نقصان کے حوالے سے اعداد و شمار کابینہ میں پیش کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: 24 نومبر احتجاج ، عمران خان ، بشریٰ بی بی اور عارف علوی سمیت درجنوں رہنمائوں کیخلاف مقدمات درج
کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق حساس اداروں کی تفصیلی رپورٹس پر بھی غور کیا جائے گا، اور وزیرِاعظم پی ٹی آئی کے حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔
کابینہ اجلاس کے بعد وزیرِاطلاعات و نشریات میڈیا کو اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ ممبران کو اجلاس کی اطلاع دی جا چکی ہے اور ایجنڈے کے بارے میں بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔