برمنگھم، برطانیہ(روشن پاکستان نیوز )پاکستان ایک آزاد ملک ہے، جو اپنے معاملات میں خود مختار ہے اور کسی کی کالونی نہیں۔ بیرونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی، یہ بات ڈاکٹر شوکت علی، سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) نے برمنگھم کے ایک نجی ہوٹل میں صحافیوں اور مختلف مکاتب فکر کی شخصیات کے ساتھ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔
ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ پاکستان آزاد ملک ہے اور اس کے تمام ادارے آئین اور قانون کے مطابق اپنے اپنے دائرہ کار میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک نے بیرونی چیلنجز کے باوجود اپنی خود مختاری کو قائم رکھا ہے، اور موجودہ حکومت نے دن رات محنت کرکے نہ صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور عزم نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر شوکت علی نے 26 ویں ترمیم پر بھی روشنی ڈالی، جس میں تمام سیاسی جماعتوں، بشمول حزب اختلاف کے، نے مشترکہ لائحہ عمل سے آئین میں ترمیم کی، جس سے ملک کی جمہوری اقدار کو تقویت ملی۔ انہوں نے خاص طور پر مولانا فضل الرحمان کی قیادت کی تعریف کی، جو حزب اختلاف میں ہوتے ہوئے بھی حکومت کا ساتھ دینے کے فیصلے پر نظرثانی کی اور جمہوریت کی پختگی میں اپنا حصہ ڈالا۔
ڈاکٹر شوکت علی نے مزید کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس موقع پر اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ “ملک کی خوشحالی کسی ایک فرد کے لیے نہیں ہے بلکہ ہم سب اس کشتی میں سوار ہیں، اس لیے ہمیں اس کشتی کو سنبھالنا چاہیے نہ کہ اس میں چھید کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چار صوبے ہیں اور سبز پرچم تلے ہم سب ایک ہیں۔ ہمیں ملک کی آبیاری میں ذمہ داری کے ساتھ اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
ڈاکٹر شوکت علی نے اپنی ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت دھرنوں اور انتشار پھیلانے کا نہیں ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی جمہوریت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی ملک کی بقا اور سالمیت پر سب ایک پیج پر کھڑے ہوتے ہیں، چاہے دہشت گردی ہو یا کوئی اور بحران، حزب اختلاف بھی حکومت کا ساتھ دیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں دھرنوں اور انتشار کی کوئی جگہ نہیں ہے، اور اس لیے حکومت کو ملک میں امن و امان کی خاطر نرمی نہیں برتنی چاہیے۔ “پاکستان کسی ایک فرد کا نہیں، یہ ہم سب کا ہے، اور ہمیں اس کی خوشحالی کی جانب گامزن کرنا ہے۔”
پاکستان میں تخریب کاری، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اور اس بارے میں ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ وہ اور ان جیسے محب وطن پاکستانی اپنے بہادر فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دن رات ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ پارا چنار دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور بے گناہ شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
آخر میں ڈاکٹر شوکت علی نے آئے ہوئے صحافیوں، مختلف طبقہ فکر کی شخصیات اور پارٹی ممبران کا روایتی کھانوں سے تواضع کی اور پاکستان اور مسلم امہ کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔