جمعرات,  21 نومبر 2024ء
ملک دشمن عناصر انسانیت کے لیے بہت بڑا چیلنج ،شبیر حسن میثمی کی مسافروں پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت

اسلام آ باد (روشن پاکستا ن نیوز)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پارہ چنار سے پشاور جانے والے مسافروں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس اندوہناک واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر ملک دشمن عناصر سالہاسال سے انسانیت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ پارہ چنار کی حساس صورتحال پر بارہا صوبائی حکومت کو متوجہ کیا گیا، لیکن ان کی مجرمانہ غفلت اور بے حسی کے باعث آج درجنوں معصوم افراد کو بے دردی سے خون میں نہلا دیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات نہ صرف تشویشناک ہیں بلکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے عوام کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے المناک سانحات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

مزید خبریں