جمعه,  04 اپریل 2025ء
مجلس وحدت مسلمین کا سانحہ پارہ چنار کے خلاف ملک گیر احتجاج اور تین روزہ سوگ کا اعلان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)مجلس وحدت مسلمین نے سانحہ پارہ چنار کے خلاف ملک گیر احتجاج اور تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے اس واقعے کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بگن کے مقام پر پارہ چنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر حملے کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی مسلسل بگڑتی صورتحال سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جبکہ وزیر داخلہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ اس واقعے میں پچاس سے زائد بے گناہ افراد شہید ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ایم این اے کو آئینی ترمیم پر ساتھ دینے کی قیمت پر کرم میں امن قائم کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، لیکن حکومتی نااہلی نے حالات مزید بگاڑ دیے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران یہ اعلان کیا گیا کہ جمعہ کے روز اس دہشتگردی اور ظلم کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں بھی اس بربریت کے خلاف مظاہرے کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کوئی شیعہ سنی مسئلہ نہیں بلکہ خوارج کی جانب سے نہتے مسافروں پر حملہ ہے۔

ناصر عباس شیرازی نے زخمیوں کو فوری طور پر علاقے سے نکالنے، شہداء کو ان کے گھروں تک پہنچانے اور دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ کی بندش اور ریاستی اداروں کی ناقص کارکردگی نے عوام کو مایوس کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اس ملک کو ہمارے خون کی قیمت پر چلانا چاہتے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے واضح کیا کہ مجلس وحدت مسلمین سانحہ بگن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکومتی غفلت کے خلاف آواز بلند کرے گی۔

مزید خبریں