جمعرات,  03 اپریل 2025ء
آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس فیڈرل کا اسلام آباد میں پاور شو، وزارت خزانہ کے دفتر کے سامنے بھرپور احتجاج

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) پاکستان کی قیادت میں وزارت خزانہ کے دفتر کیو بلاک پاک سیکریٹریٹ کے سامنے بھرپور احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں اگیگا فیڈرل میں شامل تمام تنظیموں اور ایسوسی ایشنز نے شرکت کی۔ احتجاجی شرکاء نے شدید نعرے بازی کی اور حکومت وقت کی ناقص پالیسیوں پر کڑی تنقید کی۔

احتجاجی شرکاء نے مارچ کرتے ہوئے ریلی کی صورت میں سیکریٹریٹ چوک میں پہنچا جہاں بھرپور احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر اگیگا پاکستان کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوا نے سرکاری ملازمین کے جائز اور آئینی حقوق کا ذکر کیا اور اپنے مطالبات کو دوہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پینشن اصلاحات کے نام پر ملازمین کا معاشی قتل عام ایک ظالمانہ اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان ظالمانہ فیصلوں کو واپس نہ لیا گیا تو ملازمین کی جانب سے شدید ردعمل آئیں گے۔

رحمان علی باجوا نے اپنے خطاب میں تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کے 14 لاکھ ملازمین میں سے 11 لاکھ ملازمین کو 100 فیصد سے 150 فیصد زیادہ تنخواہیں دی جا رہی ہیں، جبکہ باقی 3 لاکھ محروم ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اسی طرح کا اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید مطالبات پیش کیے:
– تمام ملازمین کے ہاؤس رینٹ الاؤنس، میڈیکل الاؤنس اور کنوینس الاؤنس میں 200 فیصد اضافہ کیا جائے۔
– متوقع پینشن اصلاحات اگر ضروری ہوں تو صرف نئے بھرتی ہونے والے ملازمین پر عائد کی جائیں۔
– گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن خیبر پختونخوا کی طرز پر کی جائے۔
– مزدور کی کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے کی جائے۔
– حاضر سروس تمام کنٹریکٹ، ڈیلی ویجز، ایڈھاک، کنٹیجنٹ پیڈ اور ٹی ایل اے ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔

رحمان علی باجوا نے حکومت کو پیغام دیا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کے بجائے ان اداروں/اثاثوں کو بچانے کے لیے سخت اقدامات اور موثر انتظامی تقرریوں کے ذریعے اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 دسمبر 2024 کو ایک تاریخی احتجاج اور دھرنا دیا جائے گا جو ماضی کے دھرنوں سے زیادہ موثر ہوگا۔ اس دھرنے میں ہزاروں کی تعداد میں مظلوم سرکاری ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیں گے، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

احتجاجی شرکاء نے باری باری اپنے خطاب میں حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی اور واضح پیغام دیا کہ ہم سب ایک ہیں اور اپنے جائز آئینی حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔

رحمان علی باجوا نے ایک بار پھر واضح اعلان کیا کہ اگر 10 دسمبر سے پہلے تمام ناجائز فیصلے واپس نہ لیے گئے تو 10 دسمبر 2024 کو مظلوم سرکاری ملازمین یکجا ہو کر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیں گے، جو مطالبات کی مکمل منظوری تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں