کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی تحت فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا، جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سردیوں میں بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف ملے گا۔اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن نے سردیوں کے لیے بجلی پیکج کی سمری پیش کی تھی، پیکج کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر ہوگا، سردیوں میں بجلی کےفی یونٹ پر26 روپےتک ریلیف ملے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی کےاستعمال پرٹیرف میں ریلیف دیا جائے گا، اضافی بجلی پر 26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دینے کی منظوری دی گئی۔مزید کہا گیا ہے کہ پیکج موسم سرما کے3 ماہ دسمبر 2024 سےفروری 2025 کے لیےہوگا، بجلی سہولت پیکج کا اطلاق گھریلو،کمرشل، صنعتی صارفین کے لیے ہوگا، پیکج کا اطلاق اضافی 25 فیصد تک یونٹس کے استعمال پر ملے گا۔
اعلامیے کے مطابق گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11.42 روپے سے 26 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا، کمرشل صارفین کو 13.46 روپے سے 22.71 روپے فی یونٹ ریلیف ملے گا جبکہ صنعتی صارفین کو 5.72 روپے سے 15.05 روپے فی یونٹ ریلیف دیا جائے گا۔