راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے متعدد سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گوجرخان پولیس نے دو خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کیا جنہوں نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر قتل کی واردات کی تھی۔ ملزمان نے مقتول قیصر کو چکوال میں بلایا، نشہ آور مشروب پلایا اور تشدد کر کے قتل کر دیا، پھر نعش گوجر خان میں پل کے نیچے پھینک دی تھی۔ پولیس نے اس اندھے قتل کو حل کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
اسی طرح گوجر خان پولیس نے لین دین کے تنازعے پر دو دوستوں کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم عدنان کو بھی گرفتار کیا۔ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ عبداللہ اور رحیم کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا جب وہ اپنی رقم لینے ملزم کے پاس گئے تھے۔ پولیس نے تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
آر اے بازار پولیس نے بھی ایک اور اہم کارروائی کی، جہاں چھ ماہ قبل اہلیہ کو طبعی موت ظاہر کر کے قتل کرنے والے شوہر کاشف کو گرفتار کیا۔ ملزم نے معمولی ناچاقی پر اپنی اہلیہ کا دم گھونٹ کر قتل کیا تھا اور بعد میں اسے طبعی موت کا واقعہ قرار دیا تھا۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کی بنیاد پر اس معاملے کی تفتیش شروع کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔ نصیر آباد پولیس نے فیصل سے 1 کلو 100 گرام ہیروئن، واہ کینٹ پولیس نے شہباز سے 1 کلو 620 گرام چرس، اور گوجر خان پولیس نے آیاز سے 1 کلو 240 گرام چرس برآمد کی۔ اس کے علاوہ ٹیکسلا پولیس نے حبیب سے 580 گرام چرس برآمد کی۔ پولیس نے منشیات کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
مورگاہ پولیس نے سٹریٹ کرائم میں ملوث صائم گینگ کے سرغنہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا، جن سے 8 مسروقہ موٹر سائیکل اور 10 ہزار روپے کی چھینی ہوئی رقم برآمد کی گئی۔ تھانہ بنی پولیس نے انعام کے لالچ میں شہریوں کو لوٹنے والے نوسر باز الیاس کو گرفتار کیا، اس کے قبضے سے 1800 روپے اور موبائل فون بھی برآمد ہوئے۔
اسی طرح راولپنڈی پولیس نے مختلف کارروائیوں میں چھ ملزمان کو ناجائز اسلحہ اور شراب سپلائی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے شراب کی بڑی مقدار اور اسلحہ برآمد ہوا۔
پیرودہائی پولیس نے موٹرسائیکل لفٹر بلال کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ پولیس نے اس کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری رکھی ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے، جس میں کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 7 افراد کو گرفتار کیا۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر اور دیگر افسران نے ان کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کی تعریف کی اور کہا کہ جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس کی کوششیں جاری رہیں گی۔