راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – راولپنڈی پولیس نے اپنی موثر پولیسنگ کے ذریعے متعدد جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کیں، جن میں منشیات فروشوں، چوروں، قمار بازوں اور اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔
منشیات فروشوں کی سزائیں:
راولپنڈی کی معزز عدالتوں نے دو منشیات فروشوں کو سزا سنائی۔ مجرم ذابغت کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی، جس کے قبضے سے 3 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ دوسرے مجرم آصف کو بھی 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، اس سے 1 کلو 510 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف یہ کارروائیاں منشیات کے ناسور کے خاتمے میں مددگار ثابت ہوں گی۔
چوری کی واردات کا ڈراپ سین:
صدر واہ پولیس نے فلیٹ میں چوری کی واردات کا حل نکالا اور مدعی کے ہی دوکان میں رکھے ملازمین، طیب اور شان، کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے 6 لاکھ روپے کی مسروقہ رقم برآمد ہوئی۔ ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔
منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن:
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کیا اور مجموعی طور پر 5 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے ملزمان سے چرس کے مختلف مقداریں برآمد کیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی۔
بائیک لفٹر گرفتار:
صدر واہ پولیس نے بائیک لفٹر اختر کو گرفتار کر لیا جس سے 6 مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ ملزم راولپنڈی اور اٹک کے مختلف مقدمات میں ملوث تھا۔ ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز نے بائیک لفٹنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
قمار بازی پر کاروائی:
جاتلی پولیس نے بٹیروں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 9 قمار بازوں کو گرفتار کر لیا۔ ان سے 26 ہزار 600 روپے کی رقم، 3 موبائل فون اور 15 بیٹرے برآمد کیے گئے۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے قمار بازی کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اشتہاری مجرمان کی گرفتاری:
راولپنڈی پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا۔ ائیرپورٹ پولیس نے دو مجرمان طلحہ اور شاہد کو گرفتار کیا، جبکہ وارث خان پولیس نے نویل شمس کو پکڑ لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر نے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
شراب سپلائرز کے خلاف کارروائیاں:
پیرودہائی اور ائیرپورٹ پولیس نے شراب سپلائی کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا اور 67 لیٹر شراب برآمد کی۔ مختلف علاقوں میں جاری کارروائیوں کے دوران ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی:
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دیں، جس کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے مختلف قسم کے پستول اور ایمونیشن برآمد ہوئے۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
راولپنڈی پولیس کی یہ سخت کارروائیاں شہر میں جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے اہم ثابت ہو رہی ہیں۔