جمعرات,  21 نومبر 2024ء
راولپنڈی:اعلیٰ حکام کی یقین دہانی کے بعد تاجروں کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف احتجاج موخر

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز)کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کے خلاف 13 نومبر کو ہونے والے احتجاج کی کال تاجروں نے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے بعد موخر کر دی۔ مرکزی انجمن تاجران کینٹ کے صدر شیخ حفیظ اور جنرل سیکریٹری ظفر قادری کی قیادت میں تاجر رہنماؤں نے اسٹیشن ہیڈ کوارٹر میں اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر احمد نواز، کرنل سجاد اور سی ای او کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی سید علی عرفان رضوی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں تاجروں نے اپنی مشکلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں روڈ کی بندش اور سست کام کی رفتار کی وجہ سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے پارکنگ پلان پر عمل درآمد ناممکن ہو چکا ہے کیونکہ مناسب جگہ دستیاب نہیں۔ تاجروں نے اس موقع پر حکام کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کنٹونمنٹ بورڈ کی آرائش اور ڈویلپمنٹ کے کاموں میں مکمل تعاون کریں گے۔

اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر احمد نواز، کرنل سجاد اور سی ای او سید علی عرفان رضوی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ بینک روڈ پر جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کر لیے جائیں گے اور تمام معاملات میں تاجروں کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

تاجروں کے وفد میں مرکزی انجمن تاجران کینٹ کے رہنماؤں کے علاوہ آل پاکستان موبائل فون یونین کے جنرل سیکریٹری منیر بیگ مرزا، سینئر نائب صدر مشتاق خان، نائب صدر محمد عرفان بھٹی، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری راجہ علی دھنیال، سینئر نائب صدر علی اصغر اعوان، صدر رانیہ مال چوہدری محمد حسین، نائب صدر حسن مصطفیٰ اور صدر برکت پلازہ وجیہی الدین شامل تھے۔

مزید خبریں