جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
اسموگ کی بدترین صورتحال ، نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا

لاہور (روشن پاکستان نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اسموگ کی بدترین صورتحال کے پیش نظر گاڑی مالکان کے لئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بدترین اسموگ کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ نے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈماس ٹرانزٹ نے عدالت کی روشنی میں نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے، جس کے تحت دھواں چھوڑتی ایل ٹی وی گاڑیوں کوپہلی بار2 ہزار ،دوبارہ خلاف ورزی پر4ہزار جرمانہ ہوگا۔ہدایت نامے میں دھواں چھوڑتی بسوں وٹرکوں سمیت ہر طرح کی ایچ ٹی وی گاڑیوں سے نرمی نہ برتنے اور مکمل مرمت ہونے تک ایچ ٹی وی گاڑیاں بس وٹرک اسٹینڈز پر ہی تحویل میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور چیئرمین آرٹیز کیلئے نئی ہدایات جاری کی گئی ہے، جس میں اسموگ کی وجوہات اور مہلک اثرات سے متعلق عوامی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ڈی سیز اور چیئرمین آرٹیز کو کارروائیوں پر ڈاکومنٹری اور ویڈیوز کی شکل میں ریکارڈ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسموگ کے تدارک میں عوامی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے میڈیا کے تمام ذرائع استعمال کئے جائیں۔

دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں پر روزانہ اورہفتہ واررپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ لاکھوں گاڑیوں کا معائنہ اور خلاف ورزی پر کروڑوں روپے جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید کا کہنا تھا کہ اسموگ سے نجات کیلئے لوگوں کو ساتھ ملا کر چلنا چاہتےہیں۔

مزید خبریں