منگل,  12 نومبر 2024ء
کوئٹہ: ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریلوے پولیس کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ریلوے اسٹیشن خودکش دھماکے میں 26 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، وفاقی حکومت ہر طریقے سے بلوچستان حکومت کی مدد کررہی ہے۔

محسن نقوی نے کہا تھا کہ سیکیورٹی لیپس کو بھی دیکھا جارہا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ مل کر کرنا ہے اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ عوام کو سوچنا ہوگا یہ کون لوگ ہیں جو لوگوں کو نشانہ بنارہے ہیں، دہشت گردی کے کچھ واقعات کو روکا بھی گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں ہوتا، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے، انسانی حقوق کے علمبردار ایسے واقعات کی مذمت کیوں نہیں کرتے۔

مزید خبریں