منگل,  03 دسمبر 2024ء
راولپنڈی پولیس کی پبلک سروس گاڑیوں کی چیکنگ: 74 روز میں 1564 ان فٹ گاڑیاں بند، 10,308 چالان، 1.1 کروڑ روپے جرمانے

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ گزشتہ 74 دنوں کے دوران 1564 ان فٹ گاڑیاں بند کی گئیں جبکہ 10,308 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، قانون کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ 11 لاکھ 39 ہزار روپے کے جرمانے بھی کیے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 831 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ہے جبکہ غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات درج کیے گئے ہیں، اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور اس عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ راولپنڈی میں پبلک سروس گاڑیوں کا نظام محفوظ اور ذمہ دار ہو۔

مزید خبریں