جمعه,  13 دسمبر 2024ء
دنیا میں پہلی بار ایک روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ لاکھوں ڈالرز میں نیلام

دنیا میں پہلی بار ایک روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ لاکھوں ڈالرز میں نیلام ہوئی ہے۔

آئی ڈا نامی انسان نما روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اس روبوٹ نے معروف کمپیوٹر سائنسدان ایلن تورنگ کا پورٹریٹ تیار کیا تھا جسے اے آئی گاڈ کا نام دیا گیا۔

یہ پینٹنگ ایک امریکی نیلام گھر نے 10 لاکھ 8 ہزار ڈالرز میں نیلام کی، حالانکہ پہلے خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ ایک لاکھ 20 سے ایک لاکھ 80 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوگی۔

یہ پینٹنگ 7 فٹ بڑی ہے اور روبوٹ کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز میں ایلن تورنگ کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس روبوٹ کی آنکھوں میں کیمرے نصب ہیں جبکہ ہائیڈرولک ہاتھوں سے وہ اپنی مرضی سے کچھ بھی پینٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ روبوٹ ایسی متعدد پینٹنگز تیار کرچکا ہے۔

آئی ڈا کے اندر موجود اے آئی لینگوئج ماڈل اسے لوگوں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے بلکہ اس کی مدد سے یہ روبوٹ شاعری بھی کرسکتا ہے۔

یہ روبوٹ دیکھنے میں کسی خاتون کی طرح ہے اور اسے دنیا کے چند ایڈوانسڈ روبوٹس میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

روبوٹ کا نام Ada Lovelace پر رکھا گیا ہے جن کو دنیا کی پہلی کمپیوٹر پروگرامر قرار دیا جاتا ہے۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے Aidan Meller نے اس روبوٹ کو 2019 میں تیار کیا تھا۔

انسانوں جیسی شخصیت ہونے کے باوجود یہ روبوٹ چلنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

مزید خبریں