راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ سی پی او نے کہا کہ گزشتہ 73 دنوں کے دوران پولیس نے 1524 ان فٹ گاڑیاں بند کیں، جبکہ 10,162 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی پر 01 کروڑ 09 لاکھ 84 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 822 ڈرائیوروں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی گئی، اور غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔
سی پی او نے بتایا کہ پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، تاکہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔
سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس اور ڈرائیوروں کی ذمہ داریوں کی نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔