جمعرات,  07 نومبر 2024ء
ڈونلڈ ٹرمپ کے کامیاب ہوتے ہی ایلون مسک کی دولت میں غیر معمولی اضافہ

امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ان کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی دولت میں 20 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی دولت میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے فوری بعد تقریباً 8 فیصد 20.9 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور مجموعی حجم 285.6 ارب ڈالر ہوگیا۔فوربز رئیل ٹائم بلینئرز کی فہرست کے مطابق بدھ کو ایلون مسک کی دولت میں ایک دم اضافہ دیکھا گیا اور اس سے عالمی سطح پر مالیاتی مارکیٹوں پر پڑنے والے سیاسی اثرات کا اندازہ ہوجاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسک کے مالی حجم میں اضافے کی وجہ سے پہلےہی تمام مارکیٹوں میں سرمایہ کاروں کا رجحان تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے۔

خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی موجودگی میں ٹیسلا کو بڑے منافع کا امکان ہے جبکہ معمولی مسابقی کمپنیوں کومتبادل توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے سبسڈیز میں ممکنہ کٹوتیوں کے باعث مشکلات کا خدشہ ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی چین سے درآمدات پر مجوزہ ٹیرف کی وجہ سے امریکی مارکیٹ میں چینی الیکٹرک گاڑیوں کی ریل پیل کا امکان بھی کم ہے۔رپورٹ کے مطابق ٹیسلا کے حصص کی مالیت میں 14.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گاڑیاں بنانے والی دیگر مسابقی کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی آئی ہے۔

مزید خبریں