(روشن پاکستان نیوز)اسلام آباد (سٹی رپورٹر): رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے سیکٹر H-13 شمس کالونی کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے برساتی نالے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس برساتی نالے کی تعمیر کی لاگت 34 ملین روپے رکھی گئی ہے، جس کا مقصد مون سون کی بارشوں کے دوران سیلابی صورتحال کا سدباب کرنا ہے۔
رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “یہ نالہ شمس کالونی کے عوام کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے، جس سے علاقے میں بارشوں کے بعد سیلابی پانی کے جمع ہونے کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ حلقے میں عوامی سہولت کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں سڑکوں کی تعمیر، گلیوں کی پختگی، پانی کی سکیمیں، واپڈا اور سی ڈی اے کے ورکز، ایجوکیشن اور ہیلتھ پروجیکٹس شامل ہیں۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں چیف کوآرڈینیٹر حارث خان گولڑہ، کوآرڈینیٹر ائیسکو ملک مصطفیٰ، امجد محمود عباسی، ملک اشفاق، رانا عاقب نواز، بخت محمد خان، علی گجر، چوہدری طارق، چوہدری سبطین، ذوالفقار صاحب، اور لوکل گورنمنٹ کے افسران کے علاوہ دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
انجم عقیل خان نے اس موقع پر عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے مزید ترقیاتی کام جاری رکھے جائیں گے، تاکہ عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔