جمعه,  29 نومبر 2024ء
ریڈ زون اسلام آباد، بری امام میں کھلے عام ڈکیتی، سجادہ نشین بری امام برہم

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نور پور شاہاں بری امام سرکار میں واقع دربار بری امام سرکار کے گیٹ کے سامنے رات 9 بجے کے قریب 4 سے 5 مسلح ڈاکوؤں نے کھلے عام ڈکیتی کی واردات کی، جس کی ویڈیوز منظر عام پر آئی ہیں۔ اس واقعے کے بعد سجادہ نشین دربار حضرت بری امام سرکار، پیر سید محمد علی گیلانی نے انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

پیر سید محمد علی گیلانی نے اس افسوسناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ اگر ریڈ زون میں جہاں اتنی بڑی تعداد میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز موجود ہوں، وہاں یہ حالات ہیں تو باقی شہروں کی صورتحال کیا ہوگی؟

پیر صاحب نے مزید کہا: “ہمیں جو ویڈیوز موصول ہوئی ہیں، ان میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ڈاکو کھلے عام اسلحہ کی نوک پر لوٹ مار کر رہے تھے۔ اس وقت ہمارے علاقے کی پولیس کہاں تھی؟ دربار کے سامنے یہ واقعہ ہوا ہے جہاں ہر وقت انتظامیہ کی ڈیوٹی ہوتی ہے، تو وہ کہاں تھے؟”

انہوں نے کہا کہ “ابھی تو اللہ کا کرم تھا کہ کوئی راہ گیر قتل نہیں ہوا، لیکن ایسی وارداتوں میں اکثر ایک یا دو افراد کی جانیں جا سکتی ہیں۔”

سجادہ نشین نے مزید کہا کہ “دربار بری امام سرکار کے ارد گرد کیمرے ہی کیمرے ہیں۔ دربار اور دیگر دکانداروں سے کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جائے اور ان جرائم پیشہ افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ اس واقعے کو انتظامیہ معمولی نہ سمجھے، یہ ان کے لیے ایک بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔”

پیر سید محمد علی گیلانی نے اپنی درخواست میں کہا کہ “ہم انتظامیہ کے افسران اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واردات میں ملوث افراد کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے تاکہ بری امام سرکار کی نگری کا امن برقرار رکھا جا سکے۔”

اس واقعے نے علاقے کے عوام اور کاروباری حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، اور شہریوں نے انتظامیہ سے فوری ایکشن کی توقع ظاہر کی ہے۔

مزید خبریں