جمعرات,  17 اپریل 2025ء
پبلک سروس گاڑیوں کی چیکنگ: 1177 ان فٹ گاڑیاں بند، 98 لاکھ کے جرمانے

 

راولپنڈی:سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مہم کے دوران گزشتہ 63 دنوں میں 1177 ان فٹ گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں۔

سی پی او نے بتایا کہ اس دوران 9123 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جس کے نتیجے میں 98 لاکھ 68 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 745 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی، جبکہ غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ غفلت اور کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، تاکہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ اقدام راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی بہتری کے لیے کیے جا رہے ہیں، اور سی پی او نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ یہ مہم کامیاب ہو سکے۔

مزید خبریں