جمعرات,  17 اپریل 2025ء
ڈمپرز کی اوور لوڈنگ سے اربوں روپے کی سڑکیں تباہ

 

حافظ آباد (شوکت علی وٹو)ڈمپرز کی بے تحاشا اوور لوڈنگ نے حافظ آباد کی کئی اہم سڑکوں کو نقصان پہنچا دیا ہے، جو اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھیں۔ مقامی روڈز پر گڑھے پڑنے کے واقعات میں تیزی آ رہی ہے، اور ماہرین کے مطابق، اس کی بنیادی وجہ ڈمپرز کا غیر قانونی طور پر زیادہ وزن اٹھانا ہے۔

شہریوں اور ٹرانسپورٹیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈمپرز کی اوور لوڈنگ کی وجہ سے سڑکوں کی حالت بگڑ رہی ہے۔ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حافظ آباد کی نا اہلی اور مبینہ کرپشن نے صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ قانونی طور پر چلنے والی مویشیوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں کو تو روکا جاتا ہے، جبکہ اوور لوڈنگ کے شکار ڈمپرز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، 26 ٹن کے وزنی ڈمپرز کو 60 ٹن تک کا وزن اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے سڑکیں، خاص طور پر جلالپور بھٹیاں سے ونیکے تارڑ کوٹ ہرا اور حافظ آباد سے ونیکے تارڑ روڈ، ناقابل استعمال ہو رہی ہیں۔

عوامی حلقے اس صورتحال کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں اور ڈمپرز کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ سڑکوں کی تباہی کا سلسلہ روکا جا سکے۔ شہریوں کی صحت اور حفاظت کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ اوور لوڈنگ کو کنٹرول کیا جائے، بصورت دیگر یہ ڈمپرز مزید خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں