جمعه,  25 اکتوبر 2024ء
حافظ آباد ، آٹے کا بحران شدید ہو گیا ،عوام آٹے کے لیے رل گئی

حافظ آباد (شوکت علی وٹو)حافظ آباد میں آٹا کے بحران نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سستی روٹی کا وژن زمین بوس ہو گیا ہے، جبکہ ملز مالکان نے مبینہ طور پر آٹے کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔

مقامی دوکانداروں کی جانب سے آٹا گوداموں میں چھپائے جانے کی اطلاعات ہیں، جس کی وجہ سے سرکاری ریٹس سے زائد قیمتوں پر آٹا فروخت کیا جا رہا ہے۔ موجودہ صورت حال میں ہول سیل میں 10 کلو کا تھیلا 840 روپے میں مل رہا ہے، جبکہ سرکاری ریٹ صرف 795 روپے ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی خاموشی اور کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ گندم وافر مقدار میں موجود ہونے کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے عوامی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، خاص طور پر ہوٹلوں میں روٹی کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر حافظ آباد، سیکرٹری محکمہ خوراک، اور وزیر اعلیٰ مریم نواز فوری طور پر اس بحران کا نوٹس لیں اور حکومت کی طرف سے طے شدہ نرخوں پر آٹے کی دستیابی کو یقینی بنائیں، ورنہ صورت حال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں