راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 60 روز میں 1088 ان فٹ گاڑیاں بند کی گئی ہیں۔
سید خالد ہمدانی نے بتایا کہ اس دوران 8818 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور قانون کی خلاف ورزی پر 95 لاکھ 42 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 724 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ 27 ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے ہیں۔
پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 52 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ غفلت کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عزم کیا۔