جمعه,  25 اکتوبر 2024ء
وزیراعظم کا پولیو کے خلافجنگ جاری رکھنے کا عزم: ہیلتھ ورکرز کو حقیقی ہیروز قرا ردیدیا

 

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پولیو کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیلتھ ورکرز کو حقیقی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے ہمیں متحد ہو کر کوششیں دوبارہ شروع کرنی ہوں گی۔ انہوں نے انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا اور کہا کہ ہمیں اپنی کوششوں کو دوبارہ مجتمع کر کے اس لعنت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے پولیو کے 40 کیسز سامنے آنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک یہ وائرس پاکستان سے ختم نہیں ہو جاتا۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں بالخصوص عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے میں عزم و ہمت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ تقریب میں وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضاء فاروق نے بھی خطاب کیا، انہوں نے پولیو ورکرز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی مہم میں 45 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سعودی عرب اور بل گیٹس نے پاکستان کے لیے وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جو اس جنگ میں ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔

مزید خبریں