جمعه,  25 اکتوبر 2024ء
وزیراعظم کی بیرون ملک پاکستانی مشنز کے نئےتعینات اتاشیوں سے ملاقات : کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر توجہ کی ہدایت

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نئے تعینات ہونے والے کمیونٹی و لیبر ویلیفئر اتاشیوں سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے ان کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے کہا، “مجھے اطمینان ہے کہ آپ لوگوں کا تقرر ایک انتہائی شفاف عمل کے ذریعے ہوا ہے۔” انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو اتاشیوں کی اولین ترجیح قرار دیا۔ “سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، جن کی بدولت اربوں ڈالرز کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان پہنچتا ہے” انہوں نے مزید کہا۔

وزیراعظم نے اتاشیوں کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھیں اور بیرون ملک پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں۔ انہوں نے کہا، “پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کے لئے روزگار کے مواقع تلاش کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔” وزیراعظم نے کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی مواقع تلاش کرنے کی ہدایت کی۔

ملاقات کے دوران، افسران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ اسٹیشنز کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل، اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔

مزید خبریں