منگل,  22 اکتوبر 2024ء
راولپنڈی میں ڈینگی آگاہی واک: صحت و صفائی کی اہمیت پر زور

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس اور محکمہ صحت نے ڈینگی کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک واک کا انعقاد کیا، جس میں ممبر صوبائی اسمبلی زیب النساء، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر طیب قریشی، ڈی ایس پی لیگل، ڈی ایس پی ایڈمن، پولیس افسران، ڈاکٹرز، اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

یہ واک ڈینگی بخار کی روک تھام اور اس کے خطرات سے آگاہی پھیلانے کے لیے منعقد کی گئی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو محکمہ صحت کے ساتھ مل کر ڈینگی کی روک تھام کے اقدامات کر رہی ہے۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ڈینگی بخار ایک جان لیوا بیماری ہے، لیکن احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس سے بچا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے، لوگوں کو اپنے گھروں اور کام کی جگہوں کی صفائی کا خیال رکھنے، چھتوں، کیاریوں، گملوں، اور ایئر کولرز میں پانی کھڑا نہ ہونے دینے کی ہدایت کی گئی۔

مچھر مار ادویات اور سپرے کے استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ شہریوں میں آگاہی پیدا کی جا سکے اور ڈینگی سے محفوظ رہا جا سکے۔ بخار کی صورت میں مستند ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کی بھی تلقین کی گئی۔

یہ واک شہریوں میں صحت و صفائی کی اہمیت اور ڈینگی کے خطرات سے آگاہی پیدا کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جس کا مقصد راولپنڈی میں صحت مند ماحول کو فروغ دینا ہے۔

مزید خبریں