حافظ آباد (شوکت علی وٹو) — شہر میں سیلولر نیٹ ورک کی ناقص کارکردگی نے شہریوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ جاز، ٹیلی نار، زونگ، اور یوفون کے صارفین نے شکایت کی ہے کہ سگنلز کی کمزوری، آواز کی غیر واضحیت، اور سست انٹرنیٹ کی رفتار نے روزمرہ کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار کال کرنے کے باوجود دوسرے صارف کی آواز صاف سنائی نہیں دیتی، اور انٹرنیٹ کی رفتار اتنی سست ہے کہ معمولی فائلز کو ڈاؤن لوڈ یا اپلوڈ کرنے میں کئی منٹ لگ جاتے ہیں۔ جب کہ 4 جی سروس کا وعدہ کیا جاتا ہے، وہ عملی طور پر کام نہیں کر رہی۔
سرویس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے بھاری رقوم وصول کرنے کے باوجود، صارفین کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔ بجلی کی بندش کے دوران انٹرنیٹ مکمل طور پر بند ہو جاتا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حافظ آباد میں موجود سیلولر کمپنیوں کی سروسز کی جانچ پڑتال کریں اور انہیں سروسز میں بہتری لانے کی ہدایت کریں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی اے کا دفتر شہر میں موجود ہوتا تو وہ اپنی شکایات آسانی سے درج کروا سکتے تھے۔
شہریوں کی یہ مطالبہ ہے کہ فوری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ان کی روزمرہ زندگی کی مشکلات کم ہو سکیں اور انٹرنیٹ کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔