جمعه,  18 اکتوبر 2024ء
اسلام آباد: شہریوں کی جان و مال کا تحفظ خطرے میں، 15 وارداتوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (راجہ اسرار حسین )شہر اقتدار اسلام آباد میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ڈکیتی، چوری اور قتل کی 15 وارداتیں پیش آئیں، جس میں شہریوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق، ان وارداتوں کے ساتھ ساتھ دیگر جرائم جیسے فراڈ، دھوکہ دہی، اور اقدام قتل کی تفصیلات بھی دستیاب نہیں ہیں، کیونکہ موجودہ آئی جی نے رپورٹرز کو اس بارے میں معلومات کی فراہمی روک رکھی ہے۔

پولیس نے 14 ڈکیتیوں اور ایک قتل کی واردات کو ریکارڈ میں درج کیا ہے، مگر ان میں سے کسی ایک واقعے کا بھی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔ اس کے علاوہ، 7 ہزار سے زائد مفرور اشتہاریوں میں سے بھی کوئی ایک ملزم پکڑا نہیں جا سکا، جبکہ منشیات کے خلاف جاری مہم “نشہ اب نہیں” عملی طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

شہر میں منشیات کے بڑے ڈانوں کی گرفتاری بھی نہیں ہو سکی، اور صرف معمولی مقدار میں منشیات کی برآمدگی کی گئی ہے۔ حساس علاقوں جیسے ریڈ زون اور نور پور شاہاں میں منشیات کے بین الصوبائی گینگز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جو مبینہ طور پر کروڑوں کی آمدن حاصل کر رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں، ڈرونز، اور جدید ٹیکنالوجی کے باوجود 29 تھانوں کی موجودگی میں یہ صورتحال شہریوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ عوامی تحفظ کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔

مزید خبریں