اسلام آباد (راجہ اسرار حسین ) لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے مبینہ زیادتی کے معاملے پر راولپنڈی میں سکستھ روڈ کے قریب نجی کالج کے مظاہرین طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے شیلنگ شروع کر دی، جبکہ طلبہ کے پتھرائو سے کالجز کے شیشے و گیٹ ٹوٹ گئے۔
اطلاعات کے مطابق، اس احتجاج کے دوران سیدھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ زخمی ہو گئی جبکہ ایک طالب علم کی موت کی خبر بھی ملی ہے۔راولپنڈی کے مختلف کالجز کیمپس کے باہر طلبہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ، مورگاہ اور پشاور کیمپس کے باہر یونیفارم پہنے طلبہ نے کیمپسز پر پتھراؤ کیا اور ان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔
مزید پڑھیں: ایرانی بارڈرگارڈزکی فائرنگ سے 250 افغان باشندے ہلاک
پشاور روڈ کیمپس پر طلبہ نے گیٹ اور شیشے توڑ دیے اور مورگاہ کیمپس کے باہر طلبہ نے پتھراؤ کیا جبکہ احتجاج کے باعث ایوب پارک چوک مکمل بلاک ہو گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر طلب کر لی گئی، مورگاہ پر بھی پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہو گیا۔