راولپنڈی میں ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز نے تھانہ واہ کینٹ اور صدر واہ کا سرپرائز وزٹ کیا، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، ریکارڈ، حوالات، بلڈنگز اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران، ایس پی نے زیر تفتیش مقدمات کی پراگرس کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔
ایس پی پوٹھوہار نے افسران کو ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے چالان مرتب کیے جائیں۔ انہوں نے اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے اور منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کرنے پر زور دیا۔
ناصر نواز نے یہ بھی کہا کہ تھانہ میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہیے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے انہوں نے اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔
ایس پی کا یہ وزٹ تھانہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔