راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت کے مطابق پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور لائسنس چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 44 روز کے دوران، 888 ان فٹ گاڑیاں بند کی گئیں۔
سی پی او نے بتایا کہ اس مہم کے دوران 7136 پبلک سروس گاڑیوں کے چالان کیے گئے، جس کے نتیجے میں 77 لاکھ 67 ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 631 ڈرائیوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، اور غفلت کے مرتکب 27 ڈرائیوروں کے لائسنس بھی منسوخ کیے گئے۔
اس کے علاوہ، پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مالکان کے خلاف 47 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس بات کا عزم کیا کہ غفلت و کوتاہی کے مرتکب گاڑیوں کے مالکان اور اڈہ منیجرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ راولپنڈی میں عوامی حفاظت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔