اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اداکارہ ثنا جاوید کے سابق شوہر گلوکار عمیر جسوال نے بھی دوسری شادی کرلی۔عمیر جسوال نے انسٹاگرام پردلہا بنے اپنی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کیپشن میں ‘الحمداللہ’ لکھا اور قرآن شریف کی آیت بھی لکھی جس کا مطلب تھا ‘ آپ کا رب عنقریب آپ کو اتنا کچھ عطا فرمائے گا کہ آپ راضی ہو جائیں گے’۔
گلوکار عمیر نے دوسری شادی کس سے کی ہے، اس حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ عمیر کی اس پوسٹ پر دوستوں اور مداحوں کی جانب سے گلوکار کو مبارک باد دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ گلوکار عمیر جسوال کی پہلی شادی اداکارہ ثنا جاوید سے ہوئی تھی، دونوں کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا۔
تاہم گزشتہ سال جوڑے کے درمیان علیحدگی کی افواہوں نے اس وقت زور پکڑا جب دونوں نے اپنے اپنے انسٹاگرام پروفائل سے نکاح کی تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں۔پھر رواں سال جنوری میں عمیر اور ثنا کی علیحدگی کی تصدیق اس وقت ہوئی جب ثنا اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک کی شادی کی خبر سامنےآئی۔