هفته,  21 دسمبر 2024ء
عطا تارڑ کی مستقبل میں علی امین گنڈا پور کیساتھ بہت برے سلوک کی پیشگوئی

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مستقبل کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا آج پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کر رہی ہے، دنیا بھر کے مختلف سربراہان اور مندوبین پاکستان آ رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے فلسطین، کشمیر اور مسلم امہ کے کاز کی بات کو سراہا، اقوم متحدہ میں وزیراعظم کی تقریر کو پی ٹی آئی کے لوگوں نے بھی سراہا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا معیشت بہتر ہورہی ہے اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آرہی ہے، ہم معیشت کو ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس لے کر آئے ہیں، ورلڈ بینک کے صدر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی معاشی پالیسی اچھی ہے لیکن پی ٹی آئی کی پریشانی ہے کہ ملک ترقی نہ کر جائے، ان کے دھرنے کی وجہ سے چین کے صدر کے دورے میں تاخیر ہوئی، ان عناصر کیلئے ملکی ترقی قابل قبول نہیں ہے، انہیں پریشانی ہے کہ ملک ترقی کر گیا تو ان کے بیانئے کا کیا بنے گا، ریڈ زون پر دھرنے کا مقصد کار سرکار کو مفلوج کرنا ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے وہ پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینے آتا ہے،کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ ایس سی او کو سبوتاژ کرے، کسی کو ریڈ زون کے قریب نہیں جانے دیں گے، کسی کو امن عامہ سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریڈ زون کے قریب کسی کو پھٹکنے نہیں دیں گے، اسلام آباد میں رینجرز بھی ہے اور فوج بھی آ گئی ہے، ان کے دھرنے کا مقصد 9 مئی والا ہی ہے، ڈنڈا وگڑے تگڑوں کا پیر ہے، یہ لوگ اسی وجہ سے ٹھیک ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پنجاب کو لوٹا گیا اب خیبر پختونخوا کو لوٹا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا کی حکومت سرکاری پیسے سے لیڈر کو خوش کرنے پر لگی ہے، سارا ملک ترقی کر رہا ہے صرف خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں ہو رہا، ملک کی تباہی اور بربادی میں ان کا ہاتھ ہے، تحریک انتشار کچھ بھی کر لے ملک ترقی کرتا رہے گا۔

مزید خبریں