هفته,  05 اکتوبر 2024ء
اسلام آباد: سینیٹر فیصل واڈا کی پریس کانفرنس، بانی پی ٹی آئی پر سخت تنقید

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سینیٹر فیصل واڈا نے ایک پریس کانفرنس میں بانی پی ٹی آئی پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنے اقتدار کے حصول کے لیے معصوم پاکستانیوں کی جانیں لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو پریشانی ہے کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور پٹرول کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔

سینیٹر واڈا نے کہا کہ “بانی پی ٹی آئی پہلے خود کو ذہنی غلامی سے آزاد کریں اور اپنی آزادی کی جدوجہد کے لیے اپنے بیٹوں کو واپس بلائیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی سیاست کے تابوت میں آخری کیل ٹھوک رہے ہیں، اور یہ کہ علی امین گنڈا پور صرف ایک پیادہ ہے مگر اس کی زندگی بھی اہم ہے۔

انہوں نے کے پی اور پنجاب کی پولیس کے درمیان شیلنگ کے واقعات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ “یہ کوئی بزدلی نہیں ہے کہ آپ غریبوں کو مروانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔” فیصل واڈا نے مزید کہا کہ “پاکستان کی خودمختاری کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔”

سینیٹر نے عدلیہ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرے، اور کہا کہ 2018 میں مینڈیٹ چوری کیا گیا اور اب دوبارہ یہی ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ملکی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اور دیگر ممالک کے وزرائے اعظم پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔”

پریس کانفرنس کے دوران، فیصل واڈا نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی والدہ کے انتقال پر سوشل میڈیا پر تمسخر اڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے اس دوراہے پر نہ لائیں کہ مجھے اپنے فون سے قوم کے سامنے کچھ رکھنا پڑے۔”

ان کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد عوام کی حفاظت کرنا ہے اور یہ کہ اگر خان صاحب کو غنڈہ گردی کرنی ہے تو دیکھتے ہیں کہ سیاسی فتح کس کی ہوتی ہے۔

مزید خبریں